52

حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں تاجروں کو شامل کرنے اور شہر کی ترقیاتی اسکیموں پر اقدامات کا اعلان

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)ڈائریکٹر جنرل حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایچ ڈی اے) ڈاکٹر افشاں رباب سید نے اعلان کیا ہے کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کو ایچ ڈی اے کی گورننگ باڈی میں شامل کیا جائے گا تاکہ شہر کے معاشی معماروں کی تجاویز ہر ترقیاتی اسکیم اور پروجیکٹ کا حصہ بن سکیں۔

ڈاکٹر افشاں رباب سید نے یہ بات حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے دورے اور تاجروں سے خطاب کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر ایچ ڈی اے کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور سندھ ماسٹر پلان اتھارٹی اور چیمبر کی سفارشات پر کام کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ گلستانِ سرمت اسکیم کو تاجروں اور عوام تک پہنچانا اس سال کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے واٹر سپلائی کا کام شروع ہوچکا ہے جبکہ بجلی کی فراہمی کے لیے حیسکو چیف سے رابطہ جاری ہے۔ ایچ ڈی اے نے چیمبر کو اسکیم میں دفتر قائم کرنے کی پیشکش بھی کی تاکہ تاجروں اور عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔

ڈاکٹر افشاں نے مزید کہا کہ کمرشل پلاٹس پر فارم ہاؤسز کی تعمیر اور لیز پر دینے کی اجازت دی جائے گی، عوامی فلاح کے لیے تفریحی پارک بنایا جائے گا اور مارکیٹس و شاپنگ مالز کی تعمیر کے لیے تاجروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی۔

اس سے قبل چیمبر کے قائم مقام صدر نے کہا کہ ایچ ڈی اے اور چیمبر کے درمیان مضبوط ادارہ جاتی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ شہر کی منصوبہ بندی، زوننگ، رہائشی اسکیمیں، انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایک فعال اور مستحکم ایچ ڈی اے ہی منظم، سرمایہ کاری دوست اور معاشی طور پر مضبوط حیدرآباد کی بنیاد رکھ سکتی ہے۔

لوکل گورنمنٹ سب کمیٹی کے کنوینر کاشف شیخ نے کہا کہ ایچ ڈی اے گزشتہ بیس برس سے قانونی کردار کے مطابق کام نہیں کر سکی، جس کی وجہ سے شہر میں منصوبہ بندی اور بنیادی سہولتوں میں واضح خلا پیدا ہو گیا ہے۔ انہوں نے ٹریفک انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی غیر فعالی، ناقص سڑکوں اور ہاؤسنگ اسکیموں کی تاخیر پر بھی تشویش ظاہر کی اور فوری اصلاحات، شفاف احتساب اور محکموں کی بحالی کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے نے تمام ممبران کو واضح ہدایات جاری کیں اور سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے۔ تقریب میں سابق صدور، ممبران ایگزیکٹیو کمیٹی، کنوینرز اور ممبران جنرل باڈی بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں