68

تھانہ ریلوے پولیس لانڈھی کی کارروائی کروڑوں روپے مالیت کا ریلوے میٹریل برآمد

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) ریلوے پولیس کراچی ڈویژن نے لانڈھی کے علاقے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ریلوے کی قیمتی پٹریاں اور دیگر سامان چوری کرنے والے گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ کارروائی ایس ایچ او ریلوے پولیس لانڈھی محمد حبیب ظفر کی قیادت میں عمل میں لائی گئی۔
ریلوے پولیس کے مطابق کارروائی لانڈھی کی حدود مرتضیٰ چورنگی، ملیر ندی کے قریب کی گئی، جہاں ملزمان ریلوے لائنوں کو گیس کٹر کی مدد سے کاٹ کر چوری کر رہے تھے۔ چوری شدہ ریلوے کی پٹریاں ٹرک میں لوڈ کی جا رہی تھیں کہ اسی دوران ریلوے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ٹرک سمیت بھاری مقدار میں ریلوے کی پٹریاں قبضے میں لے لیں۔
پولیس نے موقع سے چار ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق برآمد ہونے والا ریلوے سامان کروڑوں روپے مالیت کا ہے، جو قومی اثاثے کو شدید نقصان پہنچانے کی کوشش تھی۔
گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس لانڈھی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ریلوے کی چوری میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ریلوے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قومی املاک کے تحفظ کے لیے اس قسم کی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور ریلوے تنصیبات کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں