کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا ہے کہ شہر کے اہم کے فور منصوبے کے تعمیراتی کام کا دوبارہ باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق میئر کراچی کی ہدایت پر واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے تمام اعتراضات مکمل طور پر دور کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر کے فور آگمینٹیشن کا کام اچانک روک دیا گیا تھا، جس کی بنیادی وجہ ورلڈ بینک کی جانب سے ماحولیاتی خدشات اور حفاظتی اقدامات پر شدید اعتراضات تھے۔ ورلڈ بینک کے اعتراضات اور روٹ میں تبدیلی کے باعث منصوبہ عارضی طور پر معطل رہا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کے فور آگمینٹیشن منصوبے کا آغاز 10 نومبر کو مقررہ ہدف کے ساتھ کیا گیا تھا، جس کے تحت اردو یونیورسٹی سے حسن اسکوائر تک 2.7 کلومیٹر طویل پانی کی لائنیں بچھائی جانا تھیں۔ تاہم، منصوبے کا اب تک صرف 10 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو سکا تھا۔
اعتراضات اور ڈیزائن میں تبدیلی کے بعد حکام نے ایک ہی ٹریک پر پانی کی لائنیں بچھانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ منصوبے میں بڑے قطر کی پانی کی لائنیں نصب کی جا رہی ہیں۔
حکام نے تصدیق کی ہے کہ تمام تکنیکی اور ماحولیاتی اعتراضات دور کر دیے گئے ہیں اور کے فور منصوبے کا تعمیراتی کام باضابطہ طور پر بحال کر دیا گیا ہے، جس سے کراچی کے پانی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔


