ایف آئی اے اہلکار رشوت کے الزام میں گرفتار، خاتون مسافر کو کلیئر کرنے کا مقدمہ درج

ملتان(ایچ آراین ڈبلیو)ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی ہدایات پر ادارے میں جاری احتسابی کارروائی کے تحت ملتان ائیرپورٹ پر تعینات کانسٹیبل عدیل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان زون نے خود احتسابی کے تحت اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔ عدیل پر الزام ہے کہ اس نے رشوت لے کر ایک اکیلی خاتون مسافر کو عمرہ کے لیے کلیئر کیا۔

تحقیقات سے معلوم ہوا کہ خاتون مسافر کے پاس عمرہ سے واپسی کا ٹکٹ اور اخراجات کے لیے رقم موجود نہیں تھی۔ خاتون کو ایک ایجنٹ نے سعودی عرب میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 2 لاکھ 80 ہزار روپے وصول کیے تھے۔ ایجنٹ نے خاتون کو آف لوڈ ہونے سے بچانے کے لیے مبینہ طور پر اہلکار کو رشوت دی۔

ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملوث ایجنٹ کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔احتسابی کارروائی کے بعد گرفتار اہلکار کو قانونی کارروائی کے لیے مقدمہ درج کر کے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں