69

غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ڈسٹرکٹ ڈیمولیشن کمیٹی کا اہم اجلاس، سخت اقدامات کی ہدایت

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ڈپٹی کمشنر ضلع وسطیٰ طہٰ سلیم کی صدارت میں جمعہ 9 جنوری 2026 کو ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عاصم عباسی، ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سینٹرل جعفر امام، ڈائریکٹر ڈیمولیشن ریحان خان، پانچوں ڈویژنز کے اسسٹنٹ کمشنرز، فوکل پرسن سعد حسین وارثی، ٹی ایم سی افسران، رئیل اسٹیٹ کے نمائندگان اور کے الیکٹرک کے حکام نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر طہٰ سلیم نے اجلاس میں ہدایت کی کہ ضلع وسطیٰ میں غیر قانونی تعمیرات، خصوصاً غیر مجاز پورشنز کے خلاف بلاامتیاز اور مؤثر کارروائی کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی صورت میں غیر قانونی یا غیر منظور شدہ تعمیرات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع بھر میں تمام غیر قانونی پورشنز کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ رئیل اسٹیٹ ایجنٹس کو متنبہ کیا گیا کہ وہ غیر قانونی خرید و فروخت میں مداخلت نہ کریں۔ مزید برآں، تمام پرانی سب لیزز کی جامع جانچ پڑتال کی جائے گی اور اگر کوئی سب لیز جعلی یا غیر قانونی پائی گئی تو اسے فوری طور پر منسوخ کر دیا جائے گا۔

اجلاس میں غیر قانونی بال رومز کے قیام پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا، جو شہری علاقوں میں ٹریفک اور عوامی مشکلات کا سبب بن رہے ہیں۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ایسے تمام غیر قانونی بال رومز کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور ذمہ داران کے خلاف قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی غیر قانونی پورشنز کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں اور مسماری سے متعلق ہفتہ وار تفصیلی رپورٹس فراہم کرے تاکہ نگرانی کا عمل مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر عزم ظاہر کیا گیا کہ ضلع وسطیٰ کو ایک مثالی ضلع بنانے کے لیے قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیرات یا تجاوزات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں