کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سہراب گوٹھ کے علاقے لاسی گوٹھ میں گزشتہ روز پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے قتل کے بعد پولیس نے نامزد ملزمان کے خلاف دوہرے قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمہ مقتول نصر اللہ کے بھائی نزیر احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
نزیر احمد نے پولیس کو بتایا کہ میرے بھائی نصر اللہ نے لطیفہ خاتون سے پسند کی شادی کی تھی، جس پر بھابھی کے گھر والے شدید ناراض تھے۔ واقعے کے وقت میں اپنے بھائی اور بھابھی کے ہمراہ گھر پر موجود تھا کہ ملزمان نے گھر میں داخل ہو کر حملہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ملزمان میں بھابھی لطیفہ کے تین بھائی اور ایک کزن شامل تھے۔ فدا حسین اور رزاق کے ہاتھوں میں پستول جبکہ منظور علی اور شمس کے ہاتھوں میں چھری تھی۔ ملزمان نے گھر میں داخل ہوتے ہی بھائی اور بھابھی پر فائرنگ کی اور چھری کے وار کیے۔ میں خود بھاگ کر جان بچانے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کے مطابق بھابھی موقع پر جاں بحق ہو گئی جبکہ نصر اللہ اسپتال منتقلی کے دوران چل بسا۔ واردات کے بعد ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔
سہراب گوٹھ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔


