کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سی ٹی ڈی آپریشن سندھ نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم زینبیون بریگیڈ سے تعلق رکھنے والے چار خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار مرکزی ملزم رعایت حسین عرف مولوی، معروف اینکر امتیاز میر کلنگ کیس کا مرکزی سہولت کار ہے۔ رعایت حسین ایک انتہائی مطلوب اور خطرناک دہشت گرد ہے جو متعدد مذہبی ٹارگٹ کلنگز میں ملوث رہا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کالعدم زینبیون بریگیڈ نے رعایت حسین کو کوڈ نیم “حمزہ” دیا ہوا تھا۔ ملزم ماسٹرز ڈگری یافتہ ہے اور ایک مدرسے میں تدریس بھی کرتا رہا ہے۔ تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ امتیاز میر کی ٹارگٹ کلنگ کے لیے استعمال ہونے والا اسلحہ بھی رعایت حسین نے فراہم کیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہائی پروفائل دہشت گرد معصوم رضا کو بھی رعایت حسین نے اسلحہ فراہم کیا تھا، جسے بعد ازاں اس کے ساتھی اسرار گلگتی کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔ معصوم رضا بھی متعدد ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق رعایت حسین زینبیون بریگیڈ میں مرکزی سہولت کار کے طور پر کام کرتا تھا اور اس نے کراچی میں مختلف خفیہ ٹیمیں بنا رکھی تھیں۔ ہر ٹیم کا رکن صرف رعایت حسین کو جانتا تھا جبکہ آپس میں ان کا کوئی رابطہ نہیں تھا۔ اس کا بنیادی کام اسلحہ کی فراہمی، ٹرانسپورٹ، دہشت گردوں کی رہائش اور مالی اخراجات پورے کرنا تھا۔
حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے ایک فہرست بھی برآمد ہوئی ہے جس میں مزید مشتبہ افراد کے نام شامل ہیں۔ ملزمان اپنے اہداف کی باقاعدہ ریکی کیا کرتے تھے، جس کے لیے دو 125 سی سی موٹر سائیکلیں اور دو گاڑیاں خریدی گئی تھیں۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔


