74

رینجرز سندھ کی بڑی کارروائی، ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان رینجرز سندھ نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

رینجرز ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کرنل فیصل اعوان نے بتایا کہ دسمبر 2018 سے فروری 2019 کے دوران کراچی میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے متعدد واقعات پیش آئے، جن کا مقصد شہر کے امن و امان کے ساتھ ساتھ سیاسی، معاشی اور ثقافتی ماحول کو تباہ کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 9 دسمبر کو گلستانِ جوہر میں ایم کیو ایم پاکستان کی میلاد کی تقریب کے دوران دھماکا کیا گیا، جس میں پارٹی قیادت محفوظ رہی۔ 23 دسمبر کو پی ایس پی کے ٹاؤن آفس پر فائرنگ کے نتیجے میں دو عہدیدار جاں بحق اور ایک کارکن زخمی ہوا، جبکہ 11 فروری کو ایم کیو ایم کے نیو کراچی آفس پر حملے میں ایک کارکن کو قتل کیا گیا۔

پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ ان تمام واقعات کی ایف آئی آرز متعلقہ تھانوں میں درج ہیں، جس کے بعد رینجرز سندھ نے خصوصی انٹیلی جنس ٹیمیں تشکیل دیں تاکہ ملوث عناصر تک پہنچا جا سکے۔ خفیہ اداروں کی معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے ان وارداتوں میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

رینجرز کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے اور یہ سلیم بلجیم (اصل نام محمد سلیم عرف کمانڈر اِن چیف) کی تیار کردہ ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا حصہ ہیں۔ سلیم بلجیم نارتھ کراچی کا رہائشی ہے اور پولیس ہیڈکوارٹر گارڈن سمیت درجنوں حملوں میں ملوث رہا ہے۔

پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ سلیم بلجیم کو 2011 میں رینجرز نے گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیا تھا، تاہم کیسز کی پیروی کے دوران وہ بیرونِ ملک فرار ہو گیا اور اس وقت لندن، بلجیم اور جنوبی افریقہ سے لندن گروپ کے شرپسند عناصر کی سرپرستی کر رہا ہے۔

گرفتار ٹارگٹ کلرز میں رحمان عرف شاہ رخ عرف حاجی (شاہ فیصل کالونی)، سید رضا علی عرف سولجر (یوپی موڑ)، محسن علی عرف شاہ جی (سرجانی)، قاضی انیس الرحمٰن عرف قادری عرف کیپٹن (لیاری)، تنظیم عرف اسمارٹ بوائے (لیاقت آباد)، ضمیرالدین عرف شہزاد گولڈ، سید وقاص حیدر اور شہریار عرف شیری (سرجانی) شامل ہیں۔

رینجرز کے مطابق ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں سلیم بلجیم بانی ایم کیو ایم کی ہدایات پر لندن سے کنٹرول کرتا رہا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی ٹیم کا سرغنہ آصف پاشا عرف میجر ہے جو تاحال مفرور ہے اور ماضی میں ایم کیو ایم ڈیفنس کلفٹن سیکٹر کا انچارج رہ چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں