اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وکیل ایمان مزاری نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کو طلب کرنے کی استدعا کی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ان کا نام لے کر انہیں غداروں کا وکیل اور غیر ملکی ایجنٹ قرار دیا، جو کہ زیرِ سماعت مقدمے پر اثر انداز ہونے کی سنگین کوشش ہے۔
ایمان مزاری نے عدالت میں دائر درخواست میں کہا کہ اس بیان سے نہ صرف ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا بلکہ یہ عدالتی کارروائی پر اثرانداز ہونے کے مترادف بھی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس اقدام سے شفاف ٹرائل کے اصول مجروح ہوئے ہیں۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کو طلب کیا جائے تاکہ معاملے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ سماعت ممکن ہو سکے۔


