کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)بینک الفلاح نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی اجازت کے بعد افغانستان میں اپنے بینکاری آپریشنز بند کر دیے ہیں۔ اس حوالے سے بینک الفلاح نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
بینک الفلاح افغانستان میں کافی عرصے سے اپنی موجودگی برقرار رکھے ہوئے تھا، تاہم اب ریگولیٹری منظوری کے بعد وہاں اپنے آپریشنز ختم کر دیے گئے ہیں۔ اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ خط میں بتایا گیا ہے کہ افغان غضنفر بینک نے بینک الفلاح کے متعلقہ آپریشنز خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔
اعلامیے کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور سینٹرل بینک آف افغانستان کی جانب سے اس معاملے میں ریگولیٹری منظوری دے دی گئی ہے۔ مزید یہ کہ سینٹرل بینک آف افغانستان نے افغان حکومت کی جانب سے جانچ پڑتال (ڈue ڈیلیجنس) کے عمل کے آغاز کی اجازت بھی دے دی ہے، جس کے تحت غضنفر بینک کو بینک الفلاح کے سابقہ آپریشنز سے متعلق جانچ کا اختیار حاصل ہوگا۔
بینک الفلاح کے مطابق تمام اقدامات متعلقہ ملکی قوانین اور ریگولیٹری تقاضوں کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں۔


