ضلع بھر کے معذور افراد کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ میں مفت سفر کی سہولت کا اعلان

سانگھڑ(ایچ آراین ڈبلیو) ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سارہ جاوید نے ضلع بھر میں معذور افراد کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر تمام ٹرانسپورٹرز نے عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی ہے۔

اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عبدالمجید زہرانی نے SRTC کامپلیکس میں سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی وحید پنہور، ڈپٹی ڈائریکٹر (DEPD) سرفراز شر، ٹرانسپورٹر وکیل بانیجو، دنی بخش مری اور معذور افراد کی فلاح کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد بس ٹرمینل میں معذور افراد کے لیے خصوصی کارنر قائم کیا گیا اور معذور افراد کو تعلیم، علاج اور دیگر روزمرہ امور کی انجام دہی کے لیے مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ معذور افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس اقدام کا مقصد معذور افراد کو خودمختار بنانا اور انہیں معاشرتی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کا موقع فراہم کرنا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ محکموں اور ٹرانسپورٹ مالکان کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ عبدالمجید زہرانی نے مزید بتایا کہ عوامی مطالبے پر ٹرمینل کو فعال کیا گیا ہے، اور آئندہ ہفتے سے شہر کے دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے اڈے ختم کر دیے جائیں گے تاکہ بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل پر قابو پایا جا سکے۔

اس موقع پر آشا انڈیپنڈنس لیونگ سینٹر کے ممتاز منگی، دعا آرگنائزر کے غلام علی شاہ، انسانی حقوق کے صوبائی رہنما غلام قادر انڑ، سینئر صحافی اسلم میمن، بلائنڈ ایسوسی ایشن کے احمد کنبھر اور کریم بخش شر سمیت دیگر معذور افراد بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں