راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)گلگت بلتستان میں برزل پاس پر برف ہٹانے کے دوران برفانی تودہ گرنے سے پاک فوج کے کیپٹن عصمد سمیت 3 افراد شہید ہوگئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 2 اور 3 جنوری کی درمیانی شب برزل پاس پر شدید برف باری کے باعث برف ہٹانے کا کام جا ری تھا تاکہ علاقے میں فوجی نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا سکے، برف ہٹانے کا آپریشن بھاری مشینری کی مدد سے کیا جا رہا تھا جس کی قیادت 28 سالہ کیپٹن عصمد کر رہے تھے جو لاہور کے رہائشی تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 3 جنوری کو رات تقریباً 2 بجے آپریشن کے دوران اچانک برفانی تودہ گرنے سے کیپٹن عصمد، دو فوجی جوان اور ایک سول مشین آپریٹر پی ڈبلیو ڈی برف تلے دب گئے، شدید موسم اور دشوار حالات کے باوجود فوری اور بھرپور ریسکیو آپریشن کے ذریعے چاروں افراد کو برف کے نیچے سے نکال لیا گیا تاہم کیپٹن عصمد، سپاہی رضوان عمر 32 سال (رہائشی اٹک) اور مشین آپریٹر عیسیٰ (رہائشی استور) کی حالت تشویشناک ہوگئی اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔


