70

ہیوی ٹریفک سے بڑھتے حادثات، کراچی کی انتظامیہ کو ہوش آگیا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ہیوی ٹریفک سے بڑھتے حادثات کے بعد انتظامیہ کو ہوش آگیا، کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیرِ صدارت اجلاس میں اہم فیصلہ کر لیا گیا۔

کراچی انتظامیہ نے ہیوی ٹریفک کیلیے مخصوص لین مختص کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس پر رفتار کی حد 30 کلو میٹر رکھنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ ہیوی ٹریفک صرف اپنی مخصوص لین پر مقررہ رفتار میں چلنے کی پابند ہوں گی۔

کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس میں ٹریفک حادثات کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کیلیے مؤثر انفورسمنٹ کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلا س میں ٹرانسپورٹرز، ایڈیشنل آئی جی پولیس آزاد خان، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اور ڈی آئی جی ٹریفک نے شرکت کی۔

اجلاس میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی پارکنگ کا مسئلہ، ایچ ٹی وی لائسنس کے اجرا اور انشورنس کیلیے رجسٹریشن سمیت مختلف مسائل پر غور کیا گیا۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ہدایت کی کہ ٹریفک پولیس حادثات کی روک تھام کیلیے مؤثر اقدامات کرے اور قوانین پر سختی سے عمل کروائیں، پارکنگ سمیت ٹرانسپورٹرز کے تمام مسائل ہر ممکنہ طور پر حل کیے جائیں گے۔

اجلاس میں گڈز ٹرانسپورٹرز کیلیے ٹرمنل کے قیام کے مجوزہ منصوبہ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ پارکنگ کیلیے ٹرمنل کا منصوبہ زیر غور ہے۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ ٹریفک حادثات کی روک تھام کی کوششوں کو مؤثر بنانے کیلیے مائی کلاچی سے قیوم آباد پل تک ہیوی ٹریفک کیلیے علیحدہ مخصوص ایچ ٹی وی لین مختص کی جائے گی، لین کیلیے مارکنگ کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے گا جس کے بعد ہیوی ٹریفک کو صرف لین پر چلنے کی اجازت ہوگی۔

اجلاس میں گاڑیوں کی فٹنس، گاڑیوں اور بس مسافروں کی انشورنس کیلیے اقدامات کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں