65

حکومتِ سندھ کا کراچی میں مخدوش عمارتوں کے مکینوں کو محفوظ رہائش فراہم کرنے کا فیصلہ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)حکومتِ سندھ نے کراچی میں مخدوش اور منہدم کی جانے والی عمارتوں کے رہائشیوں کو محفوظ رہائش فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ خطرناک عمارتوں کو خالی کرانے اور ان کے انہدام کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ حکومتِ سندھ نے غیر محفوظ عمارتوں کو فوری طور پر خالی کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ وہ عمارتیں جو پہلے ہی خالی کی جا چکی ہیں، انہیں مرحلہ وار مسمار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے کے مطابق متاثرہ رہائشیوں کی بحالی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

سینئر وزیر کے مطابق کراچی شہر میں موجود 588 انتہائی خطرناک عمارتوں میں سے 471 عمارتوں کا سروے اسسٹنٹ کمشنرز مکمل کر چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے 59 خالی کرائی گئی عمارتوں کے متاثرہ مکینوں کی رہائش کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور ان خاندانوں کے لیے فلیٹس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ حیدرآباد، سکھر اور سندھ کے دیگر شہروں میں بھی اسی طرز پر سروے کیے جائیں گے تاکہ خطرناک عمارتوں کی بروقت نشاندہی کر کے ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں