کراچی/اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)بھارتی فلم دھریندر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی ریلی اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی تصاویر دکھانے کے معاملے پر عدالت نے فلم کے رائٹر، پروڈیوسر اور اداکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ مذکورہ فلم بھارت میں فلمائی اور وہیں ریلیز کی گئی ہے اور پاکستان میں فلم کی اسکریننگ یا ترسیل کا کوئی ثبوت عدالت کے سامنے پیش نہیں کیا گیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ پولیس رپورٹ کے مطابق نامزد ملزمان بھارتی شہری ہیں اور ان کی پاکستان میں کوئی رہائشی، کاروباری یا قانونی موجودگی موجود نہیں، لہٰذا پاکستان یا متعلقہ تھانے کی علاقائی حدود میں کوئی قابلِ دست اندازی جرم ثابت نہیں ہوتا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ ریاستی سطح کے امور سے متعلق ہے جسے سرکاری سطح پر وزارتِ خارجہ کے ذریعے دیکھا جانا چاہیے، نہ کہ فوجداری کارروائی کے ذریعے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ بادی النظر میں درخواست کا مقصد میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے علاوہ کچھ نہیں، اس لیے ایسی صورتحال میں ایف آئی آر کے اندراج کے لیے کوئی ہدایت جاری نہیں کی جا سکتی۔
عدالت نے واضح کیا کہ اگر درخواست گزار چاہے تو وہ پیمرا یا وفاقی حکومت کے متعلقہ فورمز سے رجوع کر سکتا ہے۔


