حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)مصروف تجارتی مرکز صدر بوہری بازار میں سال کے آخری روز تالا توڑ گروہ نے بڑی چوری کی واردات کرتے ہوئے تین پینٹ شاپس کا صفایا کر دیا۔ چور رات کی تاریکی میں دکانوں کے تالے توڑ کر تقریباً پونے دو کروڑ روپے مالیت کا قیمتی سامان اور نقدی لے کر باآسانی فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق چوری کی واردات کا علم صبح دکانیں کھلنے پر ہوا، جس کے بعد صدر بازار کے تاجروں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے تاجروں نے جزوی طور پر کاروبار بند کر دیا اور پولیس کی ناقص کارکردگی کے خلاف نعرے بازی کی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو صدر بوہری بازار پہنچ گئے، جہاں انہوں نے متاثرہ تاجروں سے ملاقات کی اور واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔ ایس ایس پی نے پولیس افسران کو فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری اور چوری شدہ سامان کی برآمدگی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
تاجروں نے مطالبہ کیا کہ صدر بازار جیسے حساس اور مصروف تجارتی علاقے میں رات کے اوقات میں گشت بڑھایا جائے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے، تاکہ آئندہ اس قسم کی وارداتوں کا سدباب ہو سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔


