سالِ نو پر ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کے خلاف سخت کارروائیوں کا حکم

لاڑکانہ(ایچ آراین ڈبلیو)سال نو کے موقع پر شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے احمد چودھری QPM, PSP نے ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کے مرتکب افراد کے خلاف مؤثر اور سخت قانونی کارروائیاں کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

ترجمان پولیس کے مطابق شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ نئے سال کی خوشی مناتے ہوئے ہوائی فائرنگ سے ہر ممکن حد تک گریز کریں، کیونکہ یہ نہ صرف غیر قانونی بلکہ غیر اخلاقی فعل بھی ہے جو انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ “اپنی اور دوسروں کی خوشیوں کو غم میں نہ بدلیں، ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور قانون کی پاسداری کریں۔”

پولیس نے واضح کیا ہے کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف دفعہ 324 (اقدامِ قتل) کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے، جبکہ ون ویلنگ کے مرتکب افراد کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ شہری خود کو، اپنے والدین اور اپنے پیاروں کو کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچانے کے لیے ایسے جان لیوا اور غیر قانونی اعمال سے مکمل گریز کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں