کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) سندھ حکومت اور پولیس ڈیپارٹمنٹ نے صوبے بھر میں کرایہ دار اور مالک مکان کے رجسٹریشن کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے اسے مکمل طور پر ڈیجیٹل اور آن لائن بنا دیا ہے، جس کے بعد شہریوں کو پولیس اسٹیشن جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
حکام کے مطابق نئے آن لائن نظام کے تحت مالک مکان گھر بیٹھے چند آسان مراحل میں اپنے کرایہ دار کا اندراج کروا سکتے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا اور جرائم کی روک تھام کو مؤثر بنانا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ رجسٹریشن کے لیے سندھ پولیس کے آفیشل ٹیننٹ رجسٹریشن پورٹل پر اکاؤنٹ بنانا ہوگا، جس کے بعد مالک مکان کرایہ دار کی بنیادی معلومات، شناختی کارڈ کی تفصیلات، رہائشی پتے اور کرایہ نامہ آن لائن اپ لوڈ کرے گا۔ معلومات کی تصدیق کے بعد درخواست چند لمحوں میں پولیس ریکارڈ کا حصہ بن جائے گی اور درخواست گزار کو ایس ایم ایس یا ای میل کے ذریعے تصدیقی پیغام موصول ہوگا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آن لائن رجسٹریشن سے نہ صرف وقت اور وسائل کی بچت ہوگی بلکہ جعلی کرایہ داروں، جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی رہائش کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کو قانونی پیچیدگیوں سے تحفظ حاصل ہوگا۔
حکام نے واضح کیا کہ سندھ میں کرایہ دار کا اندراج قانونی طور پر لازم ہے اور اس پر عمل نہ کرنے کی صورت میں مالک مکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نئے ڈیجیٹل نظام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے کرایہ داروں کا بروقت اندراج یقینی بنائیں۔


