واشنگٹن(ایچ آراین ڈبلیو) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی قیادت میں امریکا نے محض 10 ماہ کے دوران 8 جنگیں رکوانے میں کامیابی حاصل کی، جبکہ غزہ کی جنگ ختم کر کے خطے میں تین ہزار سال میں پہلی بار امن قائم کیا گیا۔
واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایک سال قبل امریکا ناکامیوں کے دہانے پر کھڑا تھا اور عالمی سطح پر کمزور دکھائی دے رہا تھا، تاہم ان کی حکومت نے ایک سال کے مختصر عرصے میں ایسے کارنامے انجام دیے جو ماضی میں کوئی نہ کر سکا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن سے متعلق سخت موقف دہراتے ہوئے کہا کہ کسی صورت غیر قانونی تارکین وطن کو امریکا میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس حوالے سے حکومت زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا ایک بار پھر مضبوط، باوقار اور عالمی امن کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہا ہے، اور ان کی قیادت میں ملک نے اندرونی و بیرونی محاذوں پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔


