اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان نے بھارت کو دوٹوک الفاظ میں واضح کر دیا ہے کہ جموں و کشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ تھا اور نہ ہی آئندہ ہو سکتا ہے۔
یہ مؤقف پاکستانی قونصلر گل قیصر سروانی نے سلامتی کونسل میں بھارتی نمائندے کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع خطہ ہے، جس کی حیثیت کو یکطرفہ بیانات یا جھوٹے دعوؤں کے ذریعے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔
گل قیصر سروانی نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل طلب ہے اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کے تعین کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا اور عالمی برادری کو اس دیرینہ تنازع کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔


