روس(ایچ آراین ڈبلیو)روس نے یوکرین پر ہائپر سونک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے ایک بڑا اور شدید حملہ کیا ہے، جس میں فوجی اور توانائی سے متعلق اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کے نتیجے میں یوکرین بھر میں توانائی اور صنعتی انفرااسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا، جس کے باعث 10 لاکھ سے زائد گھر بجلی سے محروم ہو گئے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کی شب روسی افواج نے حملوں کی ایک شدید لہر میں یوکرین کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا، جس سے بجلی کی فراہمی بری طرح متاثر ہوئی اور شہری زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بتایا کہ روس نے رات گئے ہونے والے حملوں میں 450 سے زائد ڈرونز اور 30 میزائل استعمال کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حملوں کا مقصد یوکرین کے توانائی نظام کو مفلوج کرنا اور عوام پر دباؤ بڑھانا ہے۔
یوکرینی حکام کے مطابق بجلی کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاہم نقصانات کی نوعیت شدید ہونے کے باعث صورتحال بدستور تشویشناک ہے۔ جنگ کے باعث یوکرین میں انسانی اور معاشی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔


