واشنگٹن(ایچ آراین ڈبلیو)امریکا کی 19 ریاستوں نے ایچ ون بی ویزوں پر عائد کی گئی اضافی فیس کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔ اس حوالے سے بوسٹن کی فیڈرل کورٹ میں ریاستوں کی جانب سے مشترکہ درخواست دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایچ ون بی ویزوں پر بھاری فیس عائد کرکے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔ اٹارنی جنرل کیلیفورنیا کے مطابق یہ فیصلہ نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ معیشت اور کاروباری شعبے پر منفی اثرات مرتب کرے گا۔
واضح رہے کہ رواں سال ستمبر میں صدر ٹرمپ نے ایچ ون بی ویزا کی فیس میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے اسے ایک لاکھ ڈالر تک بڑھا دیا تھا، جبکہ اس سے قبل یہ فیس 2 ہزار سے 5 ہزار ڈالر کے درمیان تھی۔
اس فیصلے کے خلاف یو ایس چیمبر آف کامرس بھی پہلے ہی عدالت میں درخواست دائر کرچکا ہے۔ فیس کی مخالفت کرنے والوں میں نیویارک، واشنگٹن، نیو جرسی سمیت دیگر ریاستیں بھی شامل ہیں۔


