نیویارک(ایچ آراین ڈبلیو)لندن میں غیر معمولی پذیرائی حاصل کرنے کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا میلہ اب امریکہ کے شہر نیویارک میں سجنے جا رہا ہے۔ پی ایس ایل کا روڈ شو آج نیویارک میں منعقد ہوگا جس میں امریکی اور اوورسیز پاکستانی سرمایہ کار شرکت کریں گے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی بھی نیویارک پہنچ گئے ہیں اور وہ روڈ شو میں خصوصی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر پی ایس ایل کے مستقبل، سرمایہ کاری کے مواقع اور لیگ کو مزید عالمی سطح پر متعارف کرانے سے متعلق امور پر گفتگو کی جائے گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ پی ایس ایل آج بین الاقوامی سطح پر جگمگا رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ لندن کی طرح نیویارک روڈ شو بھی کامیاب ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ نیویارک میں پی ایس ایل کا روڈ شو 13 دسمبر کو مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے منعقد ہوگا۔


