99

سرسید یونیورسٹی نے تین شعبہ جات کے کنونیئرکی تقرری کا اعلان کردیا

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے باضابطہ طور پر تین اہم شعبہ جات کے لیے کنوینئرز کی تقرریوں کا اعلان کردیا ہے۔ ممتاز شاعر طارق سبزواری کو لٹریری آرٹ اینڈ کلچر فورم کا کنوینئر مقرر کیا گیا ہے جب کہ واصف نذر صدیقی کو کنوینئر برائے اسپورٹس کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ مزید برآں، مسعود عالم نے ریسرچ جرنل اور نیوز لیٹر کے کنوینئر کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ یہ تقرریاں تحقیق، کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں میں سرسید یونیورسٹی کے طلباء کی دلچسپی بڑھانے میں ایک اہم پیشرفت کی نمائندگی کرتی ہیں۔
لٹریری آرٹ اینڈ کلچرل فورم کے کنوینر طارق سبزواری ایک ممتاز شاعر اور ادبی وثقافتی سرگرمیوں کی پہچان ہیں۔یونیورسٹی میں تخلیقی صلاحیتوں اور ثقافتی اظہارکی ترویج میں ان کا کردار بہت اہم ہے۔نئے کنوینئر اسپورٹس،واصف نذر صدیقی کامیاب ایونٹس کے انعقاد اور ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کا کافی تجربہ رکھتے ہیں اور یونیورسٹی میں کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔کنوینئر ریسرچ جرنل/نیوز لیٹر، مسعود عالم اعلیٰ معیار کی تحقیق کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ توقع ہے کہ سرسید یونیورسٹی کی پبلیکیشنز کی ساکھ اور اس تک رسائی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
نئے تعینات ہونے والے کنوینرز کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے چانسلر محمد اکبر علی خان نے کہا کہ نئے کنوینئرز عمدہ صلاحیتوں اور منفرد وژن کے مالک ہیں۔ان کی رہنمائی میں مذکورہ شعبے ترقی و کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔امید ہے کہ یہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں