مدینہ منورہ میں گرج چمک کے ساتھ بارانِ رحمت، مسجد نبویؐ کے روح پرور مناظر

سعودی عرب(ایچ آراین ڈبلیو)مدینہ منورہ اور اطراف کے علاقوں میں آج کالی گھٹاؤں کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوا، جسے شہریوں اور زائرین نے اللہ کی خاص رحمت قرار دیا۔ شدید بارش کے باعث شہرِ مقدس میں موسم نہایت خوشگوار ہو گیا۔

مسجدِ نبویؐ میں بھی بارانِ رحمت نے دھواں دھار صورت اختیار کی، جہاں روضۂ اطہرؐ اور گنبدِ خضریٰ پر بارش کے قطروں نے دل موہ لینے والے مناظر پیش کیے۔ سبز گنبد پر جب پانی کے قطرے گرے تو ہزاروں زائرین کی آنکھیں شکرِ الٰہی سے نم ہو گئیں۔

زائرین کی بڑی تعداد نے مسجدِ نبویؐ کے صحن میں سجدۂ شکر بجا لاتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ اس نے اپنے محبوب ﷺ کے شہر کو ایک بار پھر رحمت سے نوازا۔

بارش کے بعد مدینہ منورہ میں سردی میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی ہو گئی ہے۔

محکمۂ موسمیات اور مقامی حکام نے مدینہ آنے والے زائرین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم کی تبدیلی کے پیشِ نظر گرم کپڑے، جیکٹس اور دیگر ضروری اشیا اپنے ساتھ رکھیں تاکہ سرد موسم کے اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں