نئی دہلی (ایچ آراین ڈبلیو) عالمی مالیاتی جریدے *بلومبرگ* کے مطابق بھارتی روپیہ 2025 میں ایشیا کی کمزور ترین اور بدترین کارکردگی دکھانے والی کرنسیوں میں شامل ہو گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ناقص معاشی پالیسیوں اور سرمایہ کاری کے بحران نے بھارتی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تائیوان، ملائیشیا اور تھائی لینڈ کی کرنسیاں مستحکم رہیں، تاہم بھارتی روپیہ مسلسل تنزلی کا شکار ہے۔ امریکی ٹیرف میں اضافے، غیرملکی سرمایہ کاروں کے انخلا، اور ویزا پروگرام فیس میں ایک لاکھ ڈالر تک اضافے کی تجویز نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
بلومبرگ کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کار اس سال اب تک بھارتی اسٹاک مارکیٹ سے 16 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ نکال چکے ہیں۔ بھارتی ریزرو بینک جولائی سے 30 ارب ڈالر سے زیادہ زرمبادلہ خرچ کرنے کے باوجود روپے کو مستحکم کرنے میں ناکام رہا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھنے سے درآمدات مہنگی ہو رہی ہیں، جس سے روپے پر مزید دباؤ بڑھ گیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مودی حکومت کی غیر ذمہ دارانہ معاشی پالیسیاں اور عوام دشمن فیصلے بھارت کو خطے کی کمزور ترین معیشتوں میں شامل کر رہے ہیں۔


