کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) امیر جماعت اسلامی پاکستان، حافظ نعیم الرحمٰن نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر 22 اپریل بروز پیر کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو عالمی سطح پر فلسطینی عوام کے ساتھ عملی حمایت کا مظہر قرار دیا ہے۔
یہ اعلان کراچی کی مرکزی شاہراہ فیصل پر منعقدہ “غزہ مارچ” کے موقع پر کیا گیا، جس میں جماعت اسلامی کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مارچ کے شرکاء نے فلسطینی پرچم تھامے، اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور غزہ میں جاری مظالم کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ “اسرائیل غزہ میں نہتے فلسطینیوں کا قتلِ عام کر رہا ہے اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ “دنیا بھر کے عوام، حتیٰ کہ خود امریکا کے 50 فیصد شہری بھی فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں۔”
حافظ نعیم نے کہا کہ لیاقت علی خان نے بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا اور فرمایا تھا کہ “ہماری بنیاد برائے فروخت نہیں۔” اسی جذبے کو آگے بڑھاتے ہوئے جماعت اسلامی 22 اپریل کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کرے گی، جس کی توثیق فلسطینی قیادت سے بھی حاصل کی جا چکی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ “یہ ہڑتال کسی سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ مظلوم فلسطینیوں کی آواز ہے۔ کشمیر سے گوادر تک، ملک بھر میں کاروبار بند کر کے ہم دنیا کو بتائیں گے کہ یکجہتی کیا ہوتی ہے۔”
حافظ نعیم نے کہا کہ دیگر ممالک کی فلسطین نواز تحریکوں سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ اس ہڑتال کو “گلوبل اسٹرائیک” کی شکل دی جا سکے۔


