اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز محمد عثمان کو ان کے گھر سے مسلح افراد نے براہ راست اغوا کر لیا۔
واقعہ زاہرہ ہائٹس، ایچ-13 میں پیش آیا جہاں چار نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی سے اتر کر محمد عثمان کو گن پوائنٹ پر اٹھا لیا۔ مبینہ طور پر یہ واقعہ ان کے گھر کے سامنے پیش آیا۔
مغوی افسر کی اہلیہ روزینہ عثمان نے تھانہ شمش کالونی میں شکایت درج کروائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر نیشنل سائبر کرائم ایجنسی میں ڈی ڈی آپریشنز کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور حساس نوعیت کے کیسز پر کام کر رہے ہیں۔
پولیس نے شکایت پر مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ اب تک اغوا کاروں کی شناخت یا اغوا کی اصل وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے۔
اس واقعے نے سائبر سیکیورٹی کے شعبے سے وابستہ اعلیٰ افسران کی حفاظت کے حوالے سے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔


