آباد کے چئیرمین حسن بخشی نے غیرقانونی تعمیرات آپریشن پورے کراچی میں کرنے کا مطالبہ کردیا

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو)‌ ایسوسی ایشن بلڈر اینڈ ڈویلپرز آف پاکستان کے چئیرمین محمد حسن بخشی نے ضلعی وسطی میں پورشن مافیا کیخلاف ایس بی سی اے کا کریک ڈاؤن اور آپریشن کی حمایت کرتے ہوئے انتظامیہ سے استدعا ہے آپریشن صرف ضلع وسطی تک محدود نہ رکھا جائے، آپریشن کا دائرہ وسیع کرکے شہر کے ہر اضلاع میں غیرقانونی تعمیرات کرنے والوں کو قانونی دائرے میں لایا جائے،

حسن بخشی نے کہا کہ ناجائز بلڈنگ بنانے والے معیاری سیمنٹ،سریے کا استعمال یا کوئی پیشہ وارانہ انجینئیر کی مدد حاصل نہیں کرتے، ایسے افراد کو بلڈر کہنا بلڈر کی تذلیل ہے یہ افراد یونٹ (پورشن) مافیا اور مجرم ہیں،

دریں اثنا ایچ آر این ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے تعمیراتی قوانین کے ماہر ایڈووکیٹ ندیم احمد جمال جنہوں نے ایس بی سی اے اسپیشل کورٹ میں ان پورشنز مافیا کے خلاف سب سے زیادہ کیسز دائر کیے ہوئے ہیں، آباد کی اس حمایت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کا دائرہ کار پورے کراچی و حیدرآباد تک وسیع کیا جائے،

اس کے علاؤہ جن افسران اور اسٹاف کے دور میں یہ غیر قانونی تعمیرات ہوئی ہیں ان کے خلاف تادیبی کارروائی کے بغیر یہ آپریشن بے مقصد اور ادھورا ہے، ان ارب پتی افسران کا فارنسک آڈٹ کیا جائے، ان کے اور ان کے رشتہ داروں، ملازمین دوست احباب کے نام سے منقولہ و غیرمنقولہ جائیداد اور بینک اثاثوں کی تحقیقات کی جائیں،

ندیم احمد جمال ایڈوکیٹ نے مزید مطالبہ کیا کہ ان کی شاہانہ طرز زندگی اور آمدنی سے ہٹ کر عیش و عشرت اور بیرون ملک دوروں کی بھی جانچ پڑتال کی جائے اور اس حوالے سے ایف آئی اے اینٹی کرپشن سیل کی زیر نگرانی ایک کمیشن بنایا جائے، کیونکہ صوبائی اینٹی کرپشن اسٹبلشمینٹ ان کی حلیف بن کر اپنا اعتبار کھو بیٹھی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں