95

جامعہ کراچی: سنڈیکیٹ کے اجلاس میں حادثے میں جاں بحق طالبہ کی بہن کوگریڈ16 میں ملازمت دینے کی منظوری

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیر صدارت سنڈیکیٹ کا اجلاس ہفتہ کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ، جامعہ کراچی میں منعقد ہوا، جس میں جامعہ سے متعلق انتظامی اور فلاحی فیصلے کئے گئے۔
اجلاس میں جامعہ کراچی میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے جس میں شعبہ سماجی بہبود کی سال دوئم کی طالبہ یونیورسٹی کی پوائنٹ بس کی زد میں آ کر جاں بحق ہوگئی تھی پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیا گیااور مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی۔اجلاس میں مرحومہ کی بہن کو جامعہ کراچی میں گریڈ 16 کی ملازمت دینے کی بھی متفقہ منظوری دی گئی۔

اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے اجلاس کو بتایا کہ وہ خود مرحومہ کے اہل خانہ سے تعزیت کے لئے ان کے گھر گئے تھے اورانہیں جامعہ کی جانب سے مالی معاونت کی پیشکش کی گئی، تاہم لواحقین نے مالی امداد کے بجائے مرحومہ کی بہن کو ملازمت فراہم کرنے کی خواہش ظاہر کی، تاکہ وہ خاندان کی کفالت کر سکے اور مستقل ذریعہ آمدن حاصل ہو۔

ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ انسانی ہمدردی اور فلاحی جذبے کے تحت یہ معاملہ سنڈیکیٹ اجلاس میں پیش کیا گیا، جسے مکمل اتفاق رائے سے منظور کیا گیا۔اجلاس میں جامعہ کے مختلف شعبہ جات کے نئے صدور کی نامزدگیوں کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ قبل ازیں منعقد ہونے والے مختلف اجلاسوں کی رودادوں کی بھی توثیق کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں