کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سندھ فوڈ اتھارٹی نے گلشن معمار سائیٹ سپر ہائی وے پر قائم ایک نجی واٹر پلانٹ پر چھاپہ مارا جہاں پینے کے پانی کے ٹینک زنگ آلود اور گندگی سے بھرے پائے گئے۔
سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر در محمد مہر نے بتایا کہ “نجی واٹر پلانٹ میں صفائی کا نظام ناقص تھا، پانی کے ٹینک کے اطراف جانوروں کا فضلہ اور پان گٹکا پایا گیا۔” انہوں نے مزید کہا کہ “پانی کی بوتلوں میں استعمال ہونے والا رنگ ایس او پیز کے خلاف ہے اور بوتلوں کا میٹریل بھی معیار کے مطابق نہیں۔”
اتھارٹی نے پلانٹ سے پانی کے سیمپلز جمع کیے ہیں اور اس سنگین غفلت پر پلانٹ کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ یہ کارروائی عوامی صحت کے تحفظ کے لیے سندھ فوڈ اتھارٹی کے جاری اقدامات کا حصہ ہے۔


