سانگھڑ(ایچ آراین ڈبلیو)آج ڈی آئی جی پی شہید بے نظیر آباد رینج فیصل بشیر میمن نے ایس ایس پی سانگھڑ عابد علی بلوچ کے ہمراہ چائنیز کیمپ کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سی سی ٹی وی کیمرا سسٹم اور مورچوں کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
ڈی آئی جی فیصل بشیر میمن نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمرے ہر وقت فعال اور اسٹینڈ بائی حالت میں رہنے چاہئیں۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ کیمروں کو جدید نائٹ وژن سسٹم سے بھی لیس کیا جائے تاکہ رات کے اوقات میں بھی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔
ڈی آئی جی ایس بی اے فیصل بشیر میمن نے چینی انجینئرز سے بھی ملاقات کی اور عملے کے لیے بلٹ پروف گاڑیوں کے استعمال کو لازمی قرار دیا جبکہ سیکیورٹی مورچوں کو مزید مضبوط بنانے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے معاملات پر کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام اہلکار ہمہ وقت ہائی الرٹ رہیں۔
آخر میں ڈی آئی جی فیصل بشیر میمن نے ایس ایس پی عابد علی بلوچ اور پولیس افسران و جوانوں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ان کی محنت، جانفشانی اور فرض شناسی ہی قیامِ امن اور عوامی اعتماد کا ذریعہ ہے۔


