مردہ مرغیوں کا ‘قیمہ’ بنانے کا سیٹ اپ بے نقاب، سندھ فوڈ اتھارٹی کی شبینہ کارروائی

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ فوڈ اتھارٹی نے شہر کے مختلف ہوٹلوں کو مردہ برائلر مرغیوں کا گوشت سپلائی کرنے والے ایک خطرناک نیٹ ورک کا پردہ فاش کر دیا ہے۔ اتھارٹی کی جانب سے رات گئے ایک بڑی کارروائی میں وہ گاڑی پکڑی گئی جو مردہ مرغیاں لے جا رہی تھی۔

اطلاعات کے مطابق، مردہ مرغیوں کو بوریوں میں بھر کر ٹنڈو یوسف کے قریب واقع ایک مقام پر منتقل کیا جا رہا تھا، جہاں اس گوشت سے قیمہ تیار کیا جاتا تھا۔ یہ قیمہ بعد ازاں شہر کے مختلف ہوٹلوں اور کھانے کی دکانوں پر سپلائی کیا جاتا تھا، جہاں بے خبر صارفین کے لیے صحت کے شدید خطرات پیدا ہو رہے تھے۔

سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز حیدرآباد ڈویژن نے تصدیق کی کہ کارروائی کے دوران تمام مردہ مرغیاں ضبط کر کے تلف کر دی گئی ہیں، تاکہ عوام کی صحت کو لاحق ہونے والے خطرے کو فوری طور پر روکا جا سکے۔

یہ واقعہ شہر میں خوراک کے حفاظتی معیارات اور نگرانی کے نظام پر سوالیہ نشان کھڑا کرتا ہے۔ عوام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ خوراک کی سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر سندھ فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں