تہران(ایچ آراین ڈبلیو) ایران نے اسرائیلی جاسوسی ادارے کے ساتھ تعاون کے الزام میں ایک ڈیٹا بیس ماہر کو پھانسی دے دی ہے، جسے ایرانی میڈیا نے “اسرائیل کے اہم ترین جاسوسوں میں سے ایک” قرار دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، بہمن چوبی نامی ملزم نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا استعمال کرتے ہوئے ایران کے حساس ٹیلی کمیونیکیشن منصوبوں تک غیرقانونی رسائی حاصل کی تھی۔
ایرانی حکام کے مطابق، چوبی نے اسرائیلی جاسوسی ادارے کے ساتھ ڈیٹا بیس کے شعبے میں وسیع پیمانے پر تعاون کیا تھا۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد آج صبح اسے سزائے موت دے دی گئی۔
یہ واقعہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔ ایرانی ذرائع کے مطابق، جون میں اسرائیل کے ساتھ فضائی تصادم کے بعد سے اب تک جاسوسی کے الزامات میں 9 افراد کو پھانسی دی جا چکی ہے۔
یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ ہفتوں میں باہمی میزائل حملوں کا تبادلہ ہوا ہے، جس میں دونوں اطراف سے جانی نقصان کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔


