بنکاک(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستانی باکسر سمیر خان نے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں منعقدہ یوتھ ورلڈ بینٹم ویٹ باکسنگ چیمپئن شپ میں بھارتی حریف بنٹی سنگھ کو ناک آؤٹ کرکے تاریخ رقم دی ہے۔
سمیر خان نے ورلڈ سیام اسٹیڈیم میں ہونے والی اس فیصلہ کن مقابلے میں پورے میچ میں اپنی برتری قائم رکھی اور اپنے طاقتور مکوں سے بھارتی حریف کو مشکل میں ڈال دیا۔ ریفریوں کے متفقہ فیصلے کے بعد سمیر خان کو فاتح قرار دیتے ہوئے یوتھ ورلڈ بینٹم ویٹ بیلٹ سے نوازا گیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی پاکستانی باکسر یوتھ ورلڈ بینٹم ویٹ کا عالمی ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔ سمیر خان کے “جیٹ سیلیبریشن” نے بھارتی حریف کے اعتماد کو متزلزل کر دیا تھا۔
فاتح باکسر نے اپنی کامیابی کا سہرا پاک فوج اور شہیدانِ وطن کے نام کرتے ہوئے کہا، “الحمدللہ، میں یہ ٹائٹل جیتنے والا پہلا پاکستانی ہوں۔ تمام پاکستانیوں کا تہہ دل سے شکریہ جنہوں نے میرا ساتھ دیا۔”
انہوں نے اپنی فتح کے لمحات انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے اسے پورے پاکستان کے لیے باعث فخر قرار دیا۔


