حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو نے اپنے افتتاحی خطاب میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس کی کمانڈ کے ساتھ ساتھ اب ٹریفک پولیس براہِ راست ان کی نگرانی میں ہے ہم سب کو مل کر شہر کا ٹریفک نظام بہتر بنانا ہوگا کیونکہ ہماری مشترکہ کوششوں سے ہی شہری مسائل بہتر طریقے سے حل ہوسکتے ہیں اجلاس میں تاجر برادری کی طرف سے سافٹ انکروچمنٹ ، غلط و ڈبل اور تین لین میں پارکنگ، ون وے خلاف ورزی، پارکنگ مافیا، اوورلوڈ رکشے ، اور سڑکوں کے بیچ کھڑی گاڑیوں سمیت کھلے مین ہولز اور ٹوٹی سڑکوں کے مسائل اجاگر کئے گئے۔
اعزازی سیکرٹری ڈسٹرکٹ ٹریفک مینجمنٹ بورڈ جاوید اقبال نے بتایا کہ ایس ایس پی حیدراباد صاحب کی رہنمائی اور مشاورت سے ٹریفک نظام کی بہتری کی حکمت عملی تیارکر لی گئی ہے اور اس کی منظوری بھی ایس ایس پی صاحب نے دے دی ہے جس پر عمل درآمد کا اغاز آج سےشروع ہو جائے گا ۔ ٹریفک پولیس اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز بلا امتیاز ون وے خلاف ورزیوں کے خلاف مشترکہ کارروائیاں کریں گے۔ گاڑیاں ضبط کر کے صرف تحریری ضمانت پر ہی واپس کی جائیں گی۔ کم عمر افراد کی ڈرائیونگ اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا ، گاڑیاں بند کر دی جائیں گی والدین/سرپرست کو بلا کر تحریری یقین دہانی لی جائے گی۔ شہر بھر میں صرف سنگل لائن پارکنگ کی اجازت ہوگی،سڑک کےدائیں جانب پارکنگ مکمل طور پر ممنوع قرار دی جارہی ہے۔ شاپنگ مال اور تجارتی مراکز مالکان اپنے مراکز کے سامنے سنگل لین پارکنگ اور عملے کا انتظام خود کریں۔ڈبل لائن اور تین لائن میں کھڑی گاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن لیاجائےگا ،دکاندار اپنی دکانوں کے سامنے سڑک خالی رکھیں اور سامان باہر نہ رکھیں۔ ٹریفک پولیس، ڈسٹرکٹ پولیس اور ٹاؤن انکروچمنٹ ٹیمیں مل کر تجاوزات اور ٹھیلوں کو ہٹائیں گی؛ چائے اور کھانے کے ہوٹل سڑک پر کرسیاں اور میزیں نہ رکھیں۔ گول بلڈنگ پر ایس ایچ اوسٹی روزانہ شام6 تارات10 بجے تک موبائل تعینات کریں گے تاکہ غیر قانونی موٹر سائیکل مارکیٹ ختم ہو۔گرو نگر پر غیر قانونی مویشی منڈیوں اور چھوٹی گھٹی روڈ پر تجاوزات و دوطرفہ ٹریفک کے مسائل کے لیے یونین اور ٹریفک پولیس مشترکہ حکمت عملی تیار کرے گی۔
قدم گاہ روڈ اور سخی عبدالوہاب شاہ چاڑھی پر اتوار اور جمعرات کے دن اضافی عملہ تعینات کیا جائے گا۔ تین نئے ٹریفک سگنلز کی تنصیب، یوٹرنز کی بہتری اور پر کام کا اغاز ہو گیا ہے اسی طریقے سے راؤنڈ اباؤٹ ڈیفیکیشن پر بھی کام کا اغاز جلد ہوگا ۔ایس ایس پی آفس کی جانب سے ٹریفک قوانین اور نظم و ضبط پر عوامی آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔ تمام فیصلوں پر عملدرآمد کی نگرانی اور مزید اصلاحات کے لیے ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد ہوں گے۔اجلاس کے اختتام پر ایس ایس پی حیدرآباد نے تاجروں کے تعاون کو سراہا اور متعلقہ محکموں کو فوری عملدرآمد کی ہدایت دی۔


