کلورادا(ایچ آراین ڈبلیو)ایک ایسا شخص جس نے سرکاری اداروں سے مایوس ہوکر انہی پر بلڈوزر چلا دیا اور ٹاؤن ہال، پولیس سٹیشن، مقامی اخبار کے دفتر سمیت 13 عمارتوں کو روند دیا۔۔اس کا نام تھا “مارون ہیمیئر”
یہ واقعہ امریکہ کی ریاست Colorado کے قصبے Granby میں پیش آیا۔ مارون ہیمیئر نے 1992 میں گرینبی قصبہ میں ایک دکان خرید کر اپنا کام شروع کیا۔ وہ ماہر ویلڈر تھا اور اپنی ورکشاپ میں بڑی گاڑیوں، ٹرکوں وغیرہ کی مرمت کرتا تھا۔
اسکے علاوہ سلنسر، (Muffler) ایگزاسٹ سسٹم بناتا اور مرمت کرتا تھا۔
اصل تنازع تب شروع ہوا جب ایک سیمنٹ بنانے والی کمپنی نے اس کے پاس والی زمین خرید کر سیمنٹ فیکٹری کی تعمیر شروع کر دی اور مین سڑک سے مارون کی ورکشاپ تک آنے والا راستہ بند کر دیا۔مارون اس ورکشاپ میں ایک طرح سے قید ہوکر رہ جاتا۔ راستہ بند ہونے سے اس کی ورکشاپ تک اس کے کسٹمرز کی گاڑیاں نہیں جاسکتی تھیں۔ بلکہ وہ خود بھی اپنی گاڑی ورکشاپ تک نہیں لے جاسکتا تھا
اس نے قصبے کے متعلقہ سرکاری دفاتر تک رسائی حاصل کرکے مسئلہ حاصل کرنے کی پوری کوشش کی کہ کسی طرح اس کی بات سنی جائے اور اس کا مسئلہ حل کیا جائے۔ مارون کی اس کاوش کے نتیجے میں سرکاری اداروں نے الٹا اسی پر جرمانے عائد کرنا شروع کر دیے۔
اس ساری بھاگ دوڑ سے تنگ آکر مارون نے انتقامی کاروائی کا فیصلہ کیا۔ اس نے ایک پرانا Komatsu D355A بلڈوزر خریدا اور کسی طرح اسے اپنی ورکشاپ میں لے گیا۔ اس نے لوہے کی موٹی چادروں اور کنکریٹ سے اسے مضبوط بنایا۔
اس میں اندر سے کنٹرول ہونے والے کیمرے انسٹال کیے، گن پورٹس، ایئر وینٹیلیشن اور سیلڈ کیبن بنائے۔
آخر کار وہ 4 جون 2004 کو اپنے بلڈوزر جسے Killdozer کا نام دیا گیا ہے اسکے ساتھ اپنی ورکشاپ سے باہر نکلا۔ اس نے دو گھنٹے سے زائد وقت تک شہر میں تباہی پھیری۔
گرائی جانے والی عمارتوں کی تفصیل کچھ یوں ہے
1. گرانبی ٹاؤن ہال (Granby Town Hall)
→ جہاں زوننگ اور بلدیہ کے فیصلے ہوئے جنہوں نے مارون کے خلاف فیصلہ دیا۔
2. پولیس اسٹیشن (Granby Police Department)
→ مقامی اتھارٹی جسے مارون نے اپنی شکایات کا بے حس محافظ سمجھا۔
3. ماؤنٹین پارک کنکریٹ کمپنی (Mountain Park Concrete)
→ وہ کمپنی جس نے مارون کی دکان کے سامنے سیمنٹ پلانٹ تعمیر کیا تھا۔
4. گرانبی ٹریڈرز ہارڈویئر (Granby Independent Hardware Store)
→ مقامی کاروبار، جس کا مالک مبینہ طور پر بلدیہ کے فیصلوں میں اثرانداز تھا۔
5. ٹریبیون اخبار کا دفتر (Sky-Hi News / Formerly Granby Tribune)
→ مقامی اخبار جسے مارون نے جانبدار میڈیا قرار دیا۔
6. سابق میئر کا گھر (Home of the Former Mayor)
→ سابق میئر نے مبینہ طور پر مارون پر غیر قانونی تعمیرات کے جرمانے عائد کیے تھے۔
7. بلدیاتی کوڈ آفیسر کی عمارت (Zoning/Code Enforcement Officer’s Office)
→ وہ شخص جس نے مارون کی زمین پر جرمانے اور خلاف ورزیوں کا نوٹس جاری کیا۔
اس کے علاؤہ سرکاری عملے کے جن جن افراد پر وہ مشتعل تھا اس نے ان کی نجی پراپرٹیز، ان سے متعلقہ کاروباری مراکز، دوکانیں، گودام وغیرہ بھی گرا دیے۔
پولیس نے اسے روکنے کی کوشش کی۔ لیکن بلڈوزر ہر لحاظ سے گولی پروف و بم پروف تھا۔ انہوں نے اسکے لیے اپاچی ہیلی کاپٹر بھی منگوایا۔ لیکن کوئی فایدہ نہیں ہوا۔ آخرکار ایک عمارت کو گرانے کے دوران بلڈوزر اس میں پھنس گیا اور پولیس اس تک پہنچ گئی۔ لیکن مارون ہیمیئر نے خود کو شوٹ کرکے بلڈوزر کے کیبن میں ہی خودکشی کر لی۔


