ماحول کا تحفظ صرف حکومت کا کام نہیں شہریوں کواپنا کردارادا کرنا ہوگا،اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ کہ پاکستان کی پارلیمان ماحولیات سے متعلق آگاہی اور قانون سازی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے ۔ صاف، سرسبز اور محفوظ ماحول کی فراہمی آئندہ نسلوں کا بنیادی حق ہے اور ماحولیاتی تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پاکستان کا عالمی سطح پر گرین ہائوس گیسوں کے اخراج میں حصہ صرف 0.5 فیصد ہے، لیکن یہ ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار اسپیکر قومی اسمبلی نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا جو ہر سال اقوام متحدہ کے تحت 5 جون کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ درجہ حرارت میں اضافہ، بارشوں کے غیر متوقع نظام، گلیشیئرز کا تیزی سے پگھلائو اور سیلاب پاکستان کے ماحول پر گہرے اثرات مرتب کر رہے ہیں جن سے نہ صرف معیشت متاثر ہو رہی ہے بلکہ انسانی زندگی کو بھی سنگین خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی انحطاط پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کی راہ میں رکاوٹ بن سکتا ہے، اگر اس ضمن میں فوری اور مربوط اقدامات نہ کیے گئے ملک کو موسمیاتی تبدیلیوں سے مزید نقصانات اٹھانا پڑ سکتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان ماحولیات سے متعلق آگاہی اور قانون سازی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ سے متعلقہ پارلیمانی کمیٹیاں فعال طور پر کام کر رہی ہیں اور ملک بھر میں شجرکاری، پانی کے وسائل کے تحفظ، فضائی آلودگی کے انسداد اور ماحولیاتی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں پاکستان کی پارلیمان نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور ماحولیاتی پائیداری کے فروغ کے لیے موثر قانون سازی اور پالیسیوں کی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان کلائمیٹ چینج ایکٹ 2017 کی منظوری اور پیرس ماحولیاتی معاہدے 2015 کی توثیق اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستان عالمی ماحولیاتی اہداف کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔اس حوالے سے سپیکر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ترقی پذیر ممالک جیسے پاکستان کی معاونت کرے جو کہ عالمی کاربن اخراج میں معمولی حصہ ڈالنے کے باوجود ماحولیاتی آفات کا سب سے زیادہ نشانہ بن رہا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ماحولیاتی انصاف کا تقاضا ہے کہ سب مل کر مساوی انداز میں اقدامات کریں تاکہ سب کے لیے پائیدار مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی نہ صرف انسانی صحت کے لیے خطرہ ہے بلکہ حیاتیاتی تنوع، زرعی پیداوار اور ملکی معیشت کو بھی متاثر کر رہی ہے۔

اسپیکر سردارایاز صادق نے کہا کہ ماحول کا تحفظ صرف حکومت یا اداروں کا کام نہیں بلکہ ہر شہری کو اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ ماحول دوست رویے اپنائیں اور زمین کو محفوظ بنانے کی جدوجہد میں بھرپور حصہ لیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں