بلوچستان پاکستان کی لائف لائن ہے،مٹھی بھردہشت گرد کچھ نہیں بگاڑسکتے،عطا تارڑ

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کی لائف لائن ہے، مٹھی بھر دہشت گرد پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ آپریشن بُنیان المرصوص کے دوران بلوچستان پر 32 حملے کئے گئے، جس طرح ہندوستان کو شکست ہوئی اسی طرح بلوچستان میں بھارت کی پراکسیز کو بھی شکست ہوگی اور بلوچستان میں امن واپس لوٹے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت فرسٹریشن کا شکار ہے، اسے جنگ اور بیانیے دونوں میں شکست ہوئی،ان کے اپنے لوگ ان سے سوال کر رہے ہیں، انڈیا اپنی ہار کی خفت مٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے دہشت گردی کو اپنی خارجہ پالیسی کا ایک اہم جز بنایا ہوا ہے، کینیڈا میں سکھ رہنما کا قتل اس کا ثبوت ہے، اسی طرح بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان موجود ہے، کلبھوشن یادیو بھارتی نیوی کا حاضر سروس آفیسر ہے جو خود کو کاروباری شخص ظاہر کر کے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا تھا، کلبھوشن اسی خارجہ پالیسی کے تحت یہاں دہشت گردی کر رہا تھا۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ بھارتی وزراء اور مودی ہمیشہ اپنی تقاریر میں ہمیشہ بلوچستان کا ذکر کرتے ہیں کیوں کہ ان کے ہینڈلر یہاں کارروائیاں کرتے ہیں، فتنہ الہندوستان سے ہماری فورسز بڑے طریقے سے نمٹ رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں