**کراچی (ایچ آراین ڈبلیو)**، سندھ ہائی کورٹ میں بی آر ٹی ییلو لائن منصوبے میں قومی خزانے کو مبینہ طور پر ساڑھے 8 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کے کیس میں سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی کی درخواستِ ضمانت پر سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کردی گئی۔
سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ آج عدالت میں سوا سو سے زائد مقدمات سماعت کے لیے مقرر ہیں، کیا وکلا اپنے دلائل مختصر کرسکتے ہیں۔
وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ کیس انتہائی اہم نوعیت کا ہے، اس لیے اس کی جلد سماعت کے لیے کوئی نئی تاریخ مقرر کی جائے۔
عدالت نے فریقین کے وکلا کی درخواست منظور کرتے ہوئے درخواستِ ضمانت پر سماعت یکم ستمبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ صوبائی اینٹی کرپشن کورٹ نے سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی کی درخواستِ ضمانت مسترد کردی تھی۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم پر بی آر ٹی ییلو لائن منصوبے میں ایڈوانس ادائیگیوں کی مد میں قومی خزانے کو مبینہ طور پر ساڑھے 8 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔


