9

اسلام آباد: مبینہ جبری شادی سے انکار پر بیٹی کے قتل کا الزام، والد اور اہلخانہ کے خلاف مقدمہ

اسلام آباد: تھانہ نیلور کی حدود میں ایک نوجوان خاتون حنا ظہر کو مبینہ طور پر جبری شادی تسلیم نہ کرنے پر قتل کیے جانے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔

مقدمہ اور فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق حنا کی شادی نوید حسن نامی شخص سے اس کی مرضی کے خلاف کی گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ حنا اس شادی سے ناخوش تھی اور اس نے عدالت سے خلع بھی حاصل کرلیا تھا۔

ذرائع کے مطابق حنا کے والد اسے 13 اگست کو لاہور سے اسلام آباد لے کر آئے۔ بتایا گیا ہے کہ والد نے بیٹی کو یقین دہانی کرائی تھی کہ اسے کوئی نقصان نہیں پہنچایا جائے گا، تاہم گھر پہنچنے کے بعد مبینہ طور پر اہلخانہ نے اسے قتل کردیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ قتل میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔

انسانی حقوق کا پہلو:
ایچ آراین ڈبلیو کے مطابق ہر بالغ فرد کو اپنی مرضی سے شادی یا ازدواجی رشتہ ختم کرنے کا قانونی حق حاصل ہے۔ کسی شخص کو جبری شادی، تشدد یا قتل کا نشانہ بنانا بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ایسے واقعات میں شفاف تحقیقات اور ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔

ڈس کلیمر: خبر میں قتل اور دیگر الزامات سے متعلق تفصیلات ابتدائی اطلاعات کی بنیاد پر بیان کی گئی ہیں۔ حتمی حقائق پولیس کی تفتیش اور عدالتی کارروائی کے بعد سامنے آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں