حیدرآباد (ایچ آراین ڈبلیو) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے زیرِ اہتمام افواجِ پاکستان سے یکجہتی سے اظہار اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک باوقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں پاک فوج، پاک بحریہ اور بالخصوص پاک فضائیہ کو اُن کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے دی گئی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب کا آغاز شہداء کی بلندی درجات کے لیے قرآن خوانی سے ہوا، جس میں شریک اَفراد نے گہرے جذبات اور عقیدت سے شرکت کی۔ صدر چیمبر محمد سلیم میمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مئی 2025 میں دشمن کی دراندازی کا بھرپور اور دندان شکن جواب دے کر پاک فضائیہ نے نہ صرف دشمن کے غرور کو خاک میں ملایا بلکہ دنیا کو یہ واضح پیغام دیا کہ پاکستان ایک پُر امن ملک ضرور ہے مگر اپنی سا لمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ آپریشن ”بنیان مرصوص” ایک عسکری کامیابی ہی نہیں بلکہ قومی غیرت، اتحاد اور دفاعی صلاحیتوں کی جیت تھی۔ اُنہوں نے حکومتِ پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف ایئر اسٹاف اور پوری قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی اَفواجِ پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
صدر چیمبر سلیم میمن نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری اَفواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ دفاع اور معیشت کا تعلق ایک دوسرے سے جُڑا ہوا ہے۔ مضبوط دفاع کے لیے مضبوط معیشت ناگزیر ہے اور مضبوط معیشت کے لیے کاروباری طبقے کو سہولتیں فراہم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ صدر سلیم میمن نے آرمی چیف حافظ سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا عہدہ ملنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔
سینئر نائب صدر احمد ادریس چوہان نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دُشمن کی جارحیت کا جس حکمتِ عملی اور بہادری سے جواب دیا وہ ہر پاکستانی کے دل میں فخر، اعتماد اور اتحاد کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان ہمارے لیے محض ایک ادارہ نہیں بلکہ ایک جذبہ، ایک نظریہ اور ایک عظیم قربانی کی علامت ہے۔ ہم اس بات کا اعلان کرتے ہیں کہ پاکستان کی تاجر برادری پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ فرنٹ لائن پر جوانوں کی قربانی اور معاشی محاذ پر ہماری جدوجہد دونوں مل کر ہی ایک خودمختار اور طاقتور پاکستان کی بنیاد رکھتے ہیں۔


