کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے نائب صدر رضوان نیازی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر کیا گیا اضافہ ملک میں مہنگائی کی نئی لہر کو جنم دے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی مشکلات کم کرنے کے بجائے مسلسل بڑھا رہی ہے اور اس کے فیصلوں کا سارا بوجھ عام شہریوں پر ڈالا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 93 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر اضافہ عوام دشمن معاشی پالیسیوں کا تسلسل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر نئے اضافے کے ساتھ ٹرانسپورٹ کے کرائے، اشیائے خورونوش کی قیمتیں، زرعی لاگت اور کاروباری اخراجات میں اضافہ ہو جاتا ہے، جبکہ حکومت عوام کو کوئی مؤثر ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتی ہے۔
رضوان نیازی نے کہا کہ ملک پہلے ہی شدید مہنگائی کی لپیٹ میں ہے اور مزدور، ملازم، کسان، تاجر اور متوسط طبقہ سخت معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔ ایسے حالات میں پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی کرنا غریب اور متوسط طبقے کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے تمام وعدے فراموش کر دیے ہیں اور اب ہر چند روز بعد مہنگائی کا ایک نیا تحفہ عوام کو دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایندھن مہنگا ہونے سے معیشت کے تمام شعبے متاثر ہوں گے اور اشیائے ضروریہ پہلے ہی عوام کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں۔ حکومت کی غلط معاشی ترجیحات اور بدانتظامی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ حکمران اپنی ناکامیوں کی قیمت مسلسل شہریوں سے وصول کر رہے ہیں۔
رضوان نیازی نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات پر عائد غیر ضروری ٹیکسوں اور لیوی میں کمی کرے، عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر معاشی اصلاحات متعارف کرائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ نہ صرف عوام کی مشکلات میں اضافہ کرے گا بلکہ ملکی معیشت پر بھی مزید منفی اثرات مرتب ہوں گے۔


