5

سرسید یونیورسٹی میں دو خوش نصیب اس سال یونیورسٹی کے خرچ پر حج کی سعادت حاصل کریں گے

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام منعقدہ حج قرعہ اندازی کے نتیجے میں دو خوش نصیب کامیاب قرار پائے۔قرعہ اندازی کے نتائج کے مطابق اس سال بزنس اسٹڈیز کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر فوزیہ شیراز اور سیکوریٹی گارڈ فقیر محمد حج کی سعادت حاصل کریں گے جبکہ سنیئر آفس ایگزیکیٹو حمیرا حبیب اور شعبہ سافٹ ویئر انجینئرنگ کے اسسٹنٹ پروفیسر انجینئر سید حارث محبوب متبادل امیدوار کے طور پر منتخب ہوئے ہیں۔

خوش نصیب ارکان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے چانسلرمحمد اکبر علی خان نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی بلاامتیاز تمام ملازمین کو حج قرعہ اندازی میں حصہ لینے کا یکساں موقع فراہم کرتی ہے۔قرعہ اندازی کے منصفانہ اور شفاف عمل کے ذریعے حج پر جانے کے لیے یونیورسٹی کے دو ملازمین کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ”حج اسلام کے پانچ بنیادی ستونوں میں سے ایک ہے اور ہر مسلمان کی دیرینہ خواہش کی نمائندگی کرتا ہے۔ سرسید یونیورسٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ ہر ملازم، چاہے وہ کسی بھی حیثیت یا پس منظر سے تعلق رکھتا ہو، اس عظیم عبادت کی سعادت حاصل کرنے کا حق رکھتا ہے۔چانسلر اکبر علی خان نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کی یہ روایت ادارے کی اسلامی اقدار اور سماجی ذمہ داریوں کی عکاسی کرتی ہے، جو ملازمین کو نہ صرف پیشہ ورانہ بلکہ روحانی طور پر بھی تقویت فراہم کرتی ہے۔

اس موقع پر رجسٹرار کموڈور (ر) سید سرفراز علی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حج محض ایک سفر نہیں بلکہ ایک روحانی تجربہ ہے جو عاجزی، امن اور اللہ کے ساتھ گہرے تعلق کی عکاسی کرتاہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قرعہ اندازی کے ذریعے یونیورسٹی اپنے ملازمین کو نہ صرف ایک مذہبی فریضہ ادا کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے بلکہ انہیں زندگی کے ایک عظیم روحانی سفر کا حصہ بھی بناتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں