اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان کے لیے ایک اہم اعزاز کے طور پر 1,400 سے زائد پاکستانی میڈیکل گریجویٹس نے کامیابی کے ساتھ امریکی میڈیکل لائسنسنگ امتحان (USMLE) پاس کر لیا، جو عالمی سطح پر پاکستانی ڈاکٹروں کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں اور معیار کا واضح ثبوت ہے۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے اس کامیابی پر طلبہ، اساتذہ اور طبی تعلیمی اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید طبی تعلیم، بہتر کلینیکل تربیت اور قابلیت پر مبنی تعلیمی نظام کے باعث پاکستانی ڈاکٹرز بین الاقوامی سطح پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کے شعبۂ صحت کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ اس سے دنیا بھر میں پاکستانی طبی ماہرین کی بڑھتی ہوئی موجودگی اور بین الاقوامی ریزیڈنسی پروگراموں میں ان کے لیے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔


