17

موبائل فون کا زیادہ استعمال جسمانی صحت کے لیے نقصان دہ قرار، ماہرین نے احتیاطی تدابیر بتا دیں

لندن(ایچ آراین ڈبلیو) ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل آلات کا ضرورت سے زیادہ استعمال نہ صرف گردن، ریڑھ کی ہڈی اور بینائی کو متاثر کرتا ہے بلکہ جلد، پٹھوں کی طاقت اور جسمانی ساخت پر بھی منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق مسلسل سر جھکا کر موبائل استعمال کرنے سے “ٹیک نیک” جیسی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے، جس سے گردن اور ریڑھ کی ہڈی پر اضافی دباؤ پڑتا ہے اور وقت کے ساتھ پٹھوں، جوڑوں اور ڈسکس کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ اسی طرح سمارٹ واچ کا مسلسل استعمال جلد کی جلن اور الرجی کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

تحقیقی ماہرین کا کہنا ہے کہ طویل وقت تک اسکرین کے سامنے رہنے سے آنکھوں پر دباؤ بڑھتا ہے، جبکہ جسمانی سرگرمیوں میں کمی کے باعث گرفت کی طاقت اور مجموعی جسمانی فٹنس بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ بچوں میں زیادہ اسکرین ٹائم کا تعلق باریک جسمانی مہارتوں اور تعلیمی کارکردگی پر منفی اثرات سے بھی جوڑا گیا ہے۔

ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ موبائل فون کو آنکھوں کی سطح پر رکھ کر استعمال کیا جائے، وقفے وقفے سے اسکرین سے نظریں ہٹائی جائیں، روزانہ کچھ وقت کھلی فضا میں گزارا جائے، باقاعدہ ورزش کی جائے اور روزمرہ زندگی میں جسمانی سرگرمیوں کو شامل رکھا جائے تاکہ ڈیجیٹل آلات کے ممکنہ منفی اثرات کو کم کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں