24

ٹرمپ کا ترکیہ کو ایف-35 طیاروں کی فروخت پر غور، دوطرفہ تعلقات میں بہتری کا اعلان

دی ہیگ(ایچ آراین ڈبلیو)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ ترکیہ کو ایف-35 لڑاکا طیاروں کی فروخت کے معاملے پر فیصلہ کرے گا۔ نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے بعد انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ترکیہ کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ترکیہ امریکہ کا ایک اہم اتحادی ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ واشنگٹن اپنے اتحادی ممالک کو فراہم کیے گئے فوجی سازوسامان کی دیکھ بھال اور تکنیکی معاونت کا پابند ہے، اور یہ عزم ترکیہ کے لیے بھی برقرار رہے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی انتظامیہ ترکیہ کو دوبارہ ایف-35 پروگرام میں شامل کرنے پر غور کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ 2019 میں روسی ایس-400 فضائی دفاعی نظام کی خریداری کے بعد امریکہ نے ترکیہ کو اس پروگرام سے خارج کر دیا تھا۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی امید ظاہر کی کہ اس معاملے میں مثبت پیش رفت ہوگی۔

امریکی صدر نے ایران کے خلاف حالیہ کشیدگی کے دوران ترکیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے ایک اہم شراکت دار قرار دیا اور کہا کہ ترکیہ نے خطے میں استحکام کے لیے مؤثر کردار ادا کیا، جبکہ براہِ راست جنگ میں شامل نہیں ہوا۔

روس اور یوکرین جنگ سے متعلق ٹرمپ نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ان کی مفید بات چیت ہوئی ہے اور انہیں اس تنازع میں جلد مثبت پیش رفت کی امید ہے۔

شام کی صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ٹرمپ نے شامی صدر احمد الشرع کے ساتھ تعلقات کو مثبت قرار دیا اور کہا کہ امریکہ شام پر عائد بعض پابندیاں نرم کرنے کے امکان پر بھی غور کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں