کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے شہریوں سے لوٹ مار میں ملوث ڈکیت گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران شہریوں کو واردات کا نشانہ بنانے والے تین ملزمان کو حراست میں لیا گیا، جن کی شناخت عبداللہ ولد فاروق، سجاد ولد جمن اور منیر ولد محمد صالح کے ناموں سے ہوئی ہے۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، چھینا ہوا موبائل فون اور نقدی رقم برآمد کر لی گئی، جبکہ وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل نمبر AAR-1006 بھی پولیس نے تحویل میں لے لی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملزمان کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ سے متعلق بھی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق تفتیش کے دوران مزید انکشافات اور دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے کے شواہد سامنے آنے کا امکان ہے۔


