کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے درخشاں میں پولیس اور موٹر سائیکل سوار ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق دورانِ گشت درخشاں پولیس نے موٹر سائیکلوں پر سوار تین مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی اور پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے جوابی کارروائی کی، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی ہو کر گرفتار ہو گیا۔
زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت یونس خان ولد اللہ ڈوایو کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون، ایک موٹر سائیکل، ایک پستول بمعہ لوڈ میگزین اور راؤنڈ برآمد کر لیے گئے ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق برآمد ہونے والی موٹر سائیکل اسلحہ کے زور پر تھانہ درخشاں کی حدود سے چھینی گئی تھی، جس کا مقدمہ پہلے سے درج ہے۔ گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف ضابطے کے مطابق قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، جبکہ فرار ہونے والے دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔


