21

’میکسیکن بیٹ مین‘ کا انوکھا انداز، مبینہ موٹر سائیکل چور کھمبوں سے باندھے جانے لگے

لیگوس ڈی مورینو، میکسیکو(ایچ آراین ڈبلیو)لیگوس ڈی مورینو میں ایک پراسرار شخص یا گروہ نے مبینہ موٹر سائیکل چوروں کے خلاف فلمی انداز اپناتے ہوئے انہیں ڈکٹ ٹیپ سے بجلی کے کھمبوں کے ساتھ باندھ کر چھوڑنا شروع کر دیا ہے، جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچ کر انہیں اپنی تحویل میں لے لیتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ سلسلہ جون کے وسط میں شروع ہوا۔ 13 جون کو پہلا شخص بجلی کے کھمبے سے بندھی ہوئی حالت میں ملا، جس کی پیشانی پر ’چور‘ لکھا ہوا تھا، جبکہ اس کے قریب ایک مبینہ طور پر چوری شدہ موٹر سائیکل بھی موجود تھی۔ اس کے بعد اب تک کم از کم مزید چار افراد اسی طرز پر بندھی ہوئی حالت میں مل چکے ہیں۔

مقامی افراد کا خیال ہے کہ یہ کارروائیاں کسی نامعلوم ’وِجلانٹے‘ (خودساختہ انصاف کرنے والے) کی ہیں، تاہم حکام کے مطابق اس کے پیچھے کسی منظم گروہ کے ملوث ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اب تک ملنے والے افراد نے اس واقعے کے بارے میں کوئی واضح بیان نہیں دیا۔

ہوان پیبلو ہرنینڈز، جو جیلِسکو سیکریٹریٹ آف پبلک سیکیورٹی کے سربراہ ہیں، کا کہنا ہے کہ تمام واقعات کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ ذمہ دار عناصر کی نشاندہی کی جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کھمبوں سے بندھے ملنے والے پانچوں افراد کو فی الحال متاثرہ افراد تصور کیا جا رہا ہے اور کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، چاہے مقصد جرائم کی روک تھام ہی کیوں نہ ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں